(24 نیوز ) آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ قائد کی دور اندیش قیادت اور غیر متزلزل عزم نے پاکستان کی تعمیر کی راہ ہموار کی،مسیحی برادری قوم کیلئے فخر اور طاقت کا باعث ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھیڈرل چرچ میں کرسمس تقریب میں شرکت کی جہاں مسیحی برادری نے چرچ آمد پر ان کا پُرتپاک خیر مقدم کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے ملک بھر میں مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارک باد دی اور مسیحی برادری سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے کہا کہ آرمی چیف نے ملکی، ثقافتی، سماجی، اقتصادی، قومی ترقی میں اقلیتوں اور مسیحی برادری کی شراکت کا اعتراف کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ مسیحی برادری قوم کے لیے فخر اور طاقت کا باعث ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو قائد کے تصور کردہ پُرامن اور خوشحال ملک میں تبدیل کرنے کے لیے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کریں، ان کے آزادی، مساوات، مذہبی رواداری کے نظریات چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قوم کی رہنمائی کرتے ہیں، تمام شہری اس کے لیے انتھک محنت کریں۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے نظریات علاقائی سالمیت کے تحفظ سے لے کر اندرونی استحکام کو فروغ دینے کے لیے حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔