(ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ نیلم کوٹھاری نے پاکستانی اداکار فواد خان کے لیے پسندیدگی کا اظہار کردیا ۔
90کی دہائی کی معروف اداکارہ نیلم کوٹھاری کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ پاکستانی ڈراموں کے حوالے سے بات کررہی ہیں۔
ویڈیو میں نیلم کوٹھاری نے پاکستانی ڈراموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کی خاصیت یہ ہے کہ وہ حقیقت سے قریب ہوتے ہیں، کہانی اچھی ہوتی ہے اور فنکاروں کے ملبوسات اور رہن سہن بھی بہت عمدہ ہوتے ہیں جو دیکھ کر جھوٹ نہیں لگتے،ان کا بولنے کا انداز، لب و لہجہ سن کر ڈراما بنانے والوں کی سنجیدگی کا اندازہ ہوتا ہے۔
معروف اداکارہ نے کہا کہ پاکستانی اور ترکیہ کے ڈرامے میں شوق سے دیکھتی ہوں کیونکہ ان میں جذبات بہت گہرے ہوتے ہیں اورجس طرح کہانی کو بُنا جاتا ہے وہ اہم ہے۔
پاکستانی اداکاروں کی پسندیدگی کے حوالے سے نیلم کا کہنا تھا کہ میں یہ بھی بتانا چاہوں گی کہ مجھے پاکستانی ڈرامے بہت پسند ہیں اور سب سے زیادہ پسند فواد خان ہیں،وہ بہت حسین ہیں اور مجھے بے انتہا پسند ہیں۔