(ویب ڈیسک)معروف گلوکاروارث بیگ نے کہا ہے کہ پاکستانی شوبز اور میوزک شخصیات بھارت کام لینے جاتی ہیں جبکہ میں نے وہاں جاکربھارتیوں کو کام دیا۔
وارث بیگ نے حال ہی میں دیئے گئے ایک انٹرویو میں بھارت میں کام کرنے اور وہاں سے کام کی پیشکش ہونے سمیت وہاں کے پروفیشنل اِزم سے متعلق کھل کر بات کی،پروگرام کے دوران انہوں نے ایک بار پھر بتایا کہ ماضی میں فلم ساز مہیش بھٹ نے ان سے ان کا گانا"کل شب دیکھا چاند جھروکے میں" کاپی کرنے پر معافی مانگی تھی۔
وارث بیگ نے بتایا کہ مہیش بھٹ نے ان کے گانے کی کاپی اپنی فلم میں شامل کی جس کے بعد معروف میزبان نادیہ خان نے اپنے مارننگ شو میں بھارتی فلمساز کو لائن پر لیا،میں نے پروگرام کے دوران مہیش بھٹ سے شکوہ کیا کہ انہوں نے ان کا گانا چوری کیا لیکن ان سے اجازت لی اور نہ انہیں آگاہ کیا گیا۔
وارث بیگ نے بتایا کہ مہیش بھٹ نے ان سے گانے کو کاپی کرنے کی اجازت نہ لینے اور رابطہ نہ کرنے پر براہ راست شو میں معافی مانگی تھی۔
ایک اور سوال کے جواب میں وارث بیگ نے کہا کہ وہ دوسرے پاکستانی گلوکاروں اور اداکاروں کے مقابلے میں خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کیونکہ انہوں نے بھارت جاکر وہاں کے لوگوں کو کام دیا،عام طور پر پاکستانی وہاں کام کرنے اور مانگنے جاتے ہیں لیکن میں نے وہاں جاکر کام دیا،میں نے ممبئی جاکر بالی ووڈ اداکارہ ملائیکا اروڑو اور انکی بہن امریتا اروڑا کے ساتھ میوزک ویڈیوز بنائیں،وہاں جاکر انہیں پیسے دیئے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی اداکارہ نیلم کوٹھاری کی فواد خان کےلیے پسندیدگی
وارث بیگ نے اعتراف کیا کہ پاکستان کے مقابلے بھارت میں پروفیشنل ازم زیادہ ہے،وہاں لوگ کام کو اہمیت اوراولیت دیتے ہیں، وہاں لوگوں کو کام پر آنے کے لیے فون نہیں کرنا پڑتا اور لوگ پہلے سے ہی کام کی جگہ پر موجود ہوتے ہیں جبکہ پاکستان میں کسی ایک گلوکار کا ایک گانا بھی ہٹ ہوجائے تو وہ آسمان سے باتیں کرنے لگتا ہے۔
خیال رہے کہ وارث بیگ نے 2006ء میں اپنے البم "تیرے بنا" کے دو گانوں میں ملائیکا اور انکی بہن امریتا اروڑا کی ویڈیو میں کام کیا تھا،ان گانوں کو بھارتی پروڈیوسر نے پروڈیوس کیا تھا۔