جنوبی افریقا کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان، محمدعباس کی 3 سال بعد واپسی

Dec 25, 2024 | 19:02:PM
جنوبی افریقا کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان، محمدعباس کی 3 سال بعد واپسی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(محمد حماد) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان جنوبی افریقہ کیخلاف چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گا جبکہ تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے ٹیم میں واپسی کی ہے جنہوں نے آخری بار اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

محمد عباس نے اس سیزن میں قائداعظم ٹرافی کے پانچ میچوں میں 31 وکٹوں کی شاندار پرفارمنس دکھا کر ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنائی ہے۔ 

پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شان مسعود، سعود شکیل، عامر جمال، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔ 

یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کل سے شروع ہو رہی ہے جس کا پہلا ٹیسٹ سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کے طور پر کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 3 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں ہوگا۔ 

پاکستان ٹیم کو جنوبی افریقا کے دورے میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اس نے ون ڈے سیریز میں جنوبی افریقا کو اپنے ہی ملک میں 3-0 سے تاریخی وائٹ واش کیا تھا اس کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی یہ سیریز بھی دلچسپ اور سخت ہوگی۔

پاکستان نے اپنی آخری ٹیسٹ سیریز شان مسعود کی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف 2-1 سے جیتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ،بابراعظم کی بادشاہت برقرار ،شاہین کی تنزلی