روس سے جنگی طیارے خریدے تو خمیازہ بھگتنا ہو گا، امریکا کی مصر کو دھمکی

Feb 25, 2021 | 22:56:PM

(24 نیوز)امریکا نے مصر کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے روس کے جنگی طیارے خریدے تو اسے سخت پابندیوں کی صورت میں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق روس سے جنگی طیارے خریدنے کے بارے میں امریکا نے مصر کو سختی سے متنبہ کیا ہے۔ اس سے قبل امریکا ترکی کو بھی اس قسم کی دھمکی دے چکا ہے۔امریکا کے وزیرخارجہ اینٹنی بلینکن نے مصر کے وزیر خارجہ سامح الشکری کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں مصر کی جانب سے روس کے جنگی طیارے خریدے جانے کے بارے میں خطرنتائج کے بارے میں آگاہ کیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس سلسلے میں مصر کو بہت سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا چاہئے۔ بلنکن نے سامح الشکری سے گفتگو میں امریکا اور مصر کے درمیان مضبوط  شراکت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے امریکا کے سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی مصر کو دھمکی دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر مصر نے روس سے سوخوئی35 جنگی طیارے خریدے تو اسے امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکا کے سابق وزیر خارجہ مصر سمیت اپنے تمام اتحادی ممالک سے مطالبہ کر چکے ہیں کہ امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو محفوظ رکھنے کیلئے وہ روس سے ہتھیار نہ خریدیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر انہوں نے ایسا کیا تو انہیں امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مزیدخبریں