(24 نیوز)سعودی عرب میں ہم وطن کے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر جدہ میں یمنی شہری کا سر قلم کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یمنی شہری بشار حاتم احمد العدنی نے اپنے ہموطن جہاد فضل عبداللہ آل زید کو جسم کے نازک حصے پر وار کرکے ہلاک کردیا تھا۔ بشار واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا۔ سکیورٹی فورس نے اسے تلاش کرکے گرفتاری کے بعد فوجداری کی عدالت میں پیش کردیا تھا۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ فوجداری کی عدالت نے الزام ثابت ہوجانے پر بشار العدنی کو سزائے موت دینے کا فیصلہ سنا دیا تھا۔ سعودی عرب میں جان کے بدلے جان کا اسلامی قانون نافذ ہے۔ اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے بھی فوجداری عدالت کے فیصلے کی توثیق کردی تھی۔ آخر میں ایوان شاہی سے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا فرمان جاری ہوگیا تھا۔