(ویب ڈیسک) سعودی عرب رواں برس 2023 میں پہلی خاتون خلاباز اور ایک مرد خلاباز کو خلا میں بھیجے گا۔
سعودی سپیس کمیشن کا کہنا ہے کہ رواں برس 2023 میں پہلی سعودی خلا باز خاتون اور ایک مرد کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن( آئی ایس ایس) بھیجنے کا ارادہ ہے۔ خاتون خلاباز کا نام ریانہ برناوی جبکہ مرد خلاباز کا نام علی القرنی ہے۔ دونوں خلا باز خلائی مشن AX-2 میں شامل ہوں گے جس کا مقصد خدمتِ خلق اور بین الاقوامیدسطح پر خلائی شعبے اور ماہرین کی جانب سے دیے جانے والے مواقع سے استفادہ کرنا اور سائنس ریسرچ کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی با صلاحیت افراد کو بااختیار بنانا ہے۔
چیئرمین سعودی سپیس کمیشن انجینیئرعبداللہ السواحہ کا کہنا ہے کہ سعودی اعلیٰ قیادت خلابازوں کے اس پروگرام کی سرپرستی خود کر رہی ہے۔ اس لیے خلائی سائنس کی سطح پر نئے سائنسی کاموں کی طرف پیشقدمی ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: بڑھتی عالمی کشیدگی، امریکہ نے چین کا خلائی غبارا مار گرایا
انجینیئرعبداللہ السواحہ کا مزید کہنا ہے کہ سعودی حکومت خلابازوں کے پروگرام سے امیدیں وابسطہ کیے ہوئے ہے۔ ان کی بدولت خلااور خلائی دریافتوں کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر سعودی عرب کی حیثیت مضبوط اور مستحکم ہوگی۔
ایگزیکٹیو چیئرمین سعودی سپیس اتھارٹی ڈاکٹر محمد التمیمی کا کہنا ہے کہ خلائی سفر متعدد شعبوں میں اقوام کا معیار اور برتری بن چکے ہیں۔ تاہم نیا خلائی سفر اس لحاظ سے تاریخی ہوگا کہ سعودی عرب بھی ان چند ملکوں کی فہرست میں شامل ہوجائے گا جن کے دو خلاباز بیک وقت بین الاقومی خلائی سٹیشن آئی ایس ایس ISS میں موجود ہوں گے۔