فیس بک کے استعمال سے لوگوں پر حیران کن اثرات کا انکشاف 

Feb 25, 2023 | 11:37:AM

(ویب ڈیسک) فیس بک کو دنیا کا مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم قرار دیا جاتا ہے اور اس کے استعمال سے لوگوں پر مرتب ہونے والے ایک عجیب اثر کا انکشاف ہوا ہے۔

فیس بک استعمال کرنے والے ایسے افراد میں امراض قلب سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے جو اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دوست بناتے ہیں۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔

یونیورسٹی ہاسپٹلز کلیو لینڈ میڈیکل سینٹر کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ فیس بک پر اپنے سے امیر افراد سے دوستی کے نتیجے میں لوگوں کو لاحق طبی خطرات میں کمی آتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ سوشل نیٹ ورکس صحت کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں کیونکہ وہاں لوگوں کے باہمی تعلقات طویل المعیاد بنیادوں پر اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

اس تحقیق کے لیے 2018 سے 2020 کے دوران 25 سے 65 سال کی عمر کے افراد کی 9 لاکھ سے زائد اموات کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ امیر افراد سے دوستی کرنے والے صارفین میں دل کی شریانوں سے جڑے امراض سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

عمر، جنس اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی فیس بک کا یہ عجیب فائدہ ثابت ہوا۔

محققین نے بتایا کہ اس کی وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے مگر بظاہر اپنے سے امیر افراد سے دوستی کرنے سے لوگوں کے لیے معاشی ترقی کے مواقع بڑھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی دوستی سے لوگوں کو تعلیمی اور ملازمت کے مواقع مل سکتے ہیں جبکہ وہ دل کی صحت کے لیے اچھی عادات کو اپنا سکتے ہیں۔

اس طرح لوگ صرف معاشی طور پر ہی مضبوط نہیں ہوتے بلکہ طویل المعیاد بنیادوں پر ان کی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج امریکن کالج آف کارڈیالوجی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر پیش کیے گئے۔

مزیدخبریں