(علی رامے) وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے رات گئے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور میاں منشی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں وزیراعلی محسن نقوی نے میاں منشی ہسپتال کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ بھی وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈیوٹی پر موجود نہیں تھے اور گھر جا کر سو رہے تھے جس پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے غیر حاضر ڈی ایم ایس کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔
محسن نقوی نے مریضوں سے ہسپتالوں میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتالوں میں صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پی آئی سی میں پرائمری انجیو گرافی کرانے والے مریضوں سے ملاقات کی اور ڈاکٹرز سے پرائمری انجیو گرافی کے بارے میں پوچھا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہارٹ اٹیک کے بعد ہسپتال میں پرائمری انجیوگرافی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، ہسپتالوں میں پرائمری انجیو گرافی کا مستقل سسٹم موجود ہو تاکہ مریض کو کسی سے سفارش نہ کرانی پڑے۔
یاد رہے پرائمری انجیو سے مراد ہارٹ اٹیک کی صورت میں جلد از جلد مریض کی انجیو گرافی ہے تاکہ اس کی جان بچائی جا سکے۔
وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے پی آئی سی کے بعد میاں منشی ہسپتال بند روڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور متعلقہ سٹاف کو اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دینے چاہئیں، میاں منشی ہسپتال کی صورتحال دیکھ کر افسوس ہوا۔