پی ایس ایل 8: غیریقینی صورتحال کے باوجود لاہور میں میچز کی تیاریاں جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) غیریقینی صورتحال کے باوجود لاہور میں پی ایس ایل میچز کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ قذافی اسٹیڈیم کے گرد سیکیورٹی کا مضبوط حصار بدستور برقرار ہے۔
گزشتہ روز نشتر پارک کے پورے علاقے کی کڑی نگرانی ہوئی، مشکوک اشیاء کی تلاش کیلئے سراغ رساں کتوں سے بھی مدد لی جارہی ہے، وینیو کے اطراف میں کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کو آنے جانے کی اجازت نہیں، رات کو مصنوعی روشنیوں میں سڑکوں پر دن کا سماں ہے۔
میدان کے اندر براڈ کاسٹرز کی تنصیبات کا کام تکمیل کے قریب ہے، سائیڈ اسکرینز اور باؤنڈریز بھی لگادی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پی ایس ایل 8، پشاور زلمی کی قلندرز سے ٹاکرے کیلئے لاہور آمد
گزشتہ روز لاہور قلندرز کے اسکواڈ کو سخت حفاظتی حصار میں اسٹیڈیم تک لایا گیا، اس دوران اطراف کی سڑکیں بند رکھی گئیں جس سے شہریوں کو تھوڑی پریشانی بھی ہوئی، ٹیم کے گزر جانے کے بعد ٹریفک مکمل طور پر بحال کردی گئی۔
قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز کے بیٹرز نے فٹبال کھیل کر وارم اپ ہونے کے بعد بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس میں صلاحیتیں نکھارنے کیلئے کام کیا، اس دوران پاور ہٹنگ کا زبردست مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔