(حافظ شہباز) پی ایس ایل کے لاہور اور پنڈی میں ہونے والے میچز کو لیکر پاکستان کرکٹ بورڈ اور پنجاب کی نگران حکومت کے درمیان معاملات آج رات تک طے ہونا متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کی نگران حکومت نے سیکیورٹی، لائٹس اور دوسرے معاملات پر ایک بار پھر بات چیت کا فیصلہ کیا ہے۔
اس معاملے میں پی سی بی اور نگران حکومت کےنمائندے آج معاملات طے کرلیں گے۔ نگران پنجاب حکومت کی جانب سے سیکیورٹی، لائٹس اور دوسرے اخراجات کی مد میں 45 کروڑ روپے کے بلز کی ادائیگی پی سی بی نے کرنے سے صاف انکار کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: پی ایس ایل 8، غیریقینی صورتحال کے باوجود لاہور میں میچز کی تیاریاں جاری
لاہور میں میچز کا آغاز 26 فروری سے ہو رہا ہے جبکہ پنڈی یکم مارچ سے پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا۔
اس حوالےسے قذافی اسٹیڈیم میں پہلے دو میچز کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور اسٹیڈیم کے اندر میچز کیلئے 9 پچز کا اسکوائر تیار کردیاگیا ہے۔
میچ کے حوالے سے پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے کپتان آج قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس بھی کریں گے ۔
لیگ کے حوالے سے تاحال صوبائی حکومت اور پی سی بی میں ڈیڈ لاک برقرار ہے ، لیگ کے میچز پنجاب میں کروانے یا منتقل ہونے کے حوالے سے آج رات تک حتمی فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔