میتھی کے وہ فوائد جو آپ نہیں جانتے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)میتھی عام دستیاب ہونے والی سبزی ہے۔اس کے پتوں کا استعمال انسانی جسم اور صحت پر بہت سے اثرات مرتب کرتا ہے۔
میتھی ایک با آسانی دستیاب ہونے والی بوٹی نما سبزی ہے جس کا استعمال عموما موسم سرما میں زیادہ کیا جاتا ہے، اس کے پتے انسانی صحت کے لیے نہایت مفید ہیں۔ اس کے بیج مصالجات اور مختلف اقسام کی ادویات بنانے میں بھی استعمال ہوتےہیں۔
اس کے سبز پتے انسانی جسم کے لیے بہت فائدہ مند ہیں ان کے استعمال سے انسانی جسم کے ورم میں کمی آتی ہے۔ کیونکہ میتھی جراثیم کش ہونے کے ساتھ ساتھ اینٹی آکسائیڈنٹ سے بھرپور ہوتی ہے جو کہ مختلف جسمانی بیماریوں جیسے ڈپریشن، امراضِ قلب اور جوڑوں کے درد وغیرہ سے تحفظ فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ میتھی ماں کے دودھ کی مقدار بڑھانے کے لیے بھی کافی فائدہ مند ہے۔ اگر اس کو چائے یا کسی اور سپلیمنٹ کی صورت میں استعمال کیا جائے تو یہ خواتین کو اس مسئلے سے نجات پانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔
میتھی بھوک بڑھانے کے لیے بھی نہایت مفید ہے،یہ خوراک کی نالی کے مختلف مسائل جیسے بدہضمی، قبض اور گیس جیسے مسائل کے خلاف بھی نہایت مفید ہے۔ میتھی کھانے سے معدے کی شوگر جذب کرنے کی رفتار میں سستی آجاتی ہے اور انسولین کی پیداوار بڑھ جاتی ہے جو کہ ذیابیطس (شوگر) کے مریضوں کے لیے بہترین غذا ہے۔ ان سب کے ساتھ ساتھ میتھی خون میں کولیسٹرول کی سطح کو بھی کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔