(24 نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آئندہ ہفتے یکم مارچ کو 24کروڑ پاکستانیوں کے نئے منتخب وزیراعظم سے حلف لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی حلف برداری کی تقریب جمعرات 29 فروری یا جمعہ یکم مارچ 2024 کو ایوان صدر میں منعقد کی جائے گی، وزیراعظم کے عہدے کا انتخاب قومی اسمبلی آف پاکستان 28 یا 29 فروری کو کرے گی، اس طرح یکم مارچ 2024 تک پاکستان کے 24 وزیراعظم حلف اٹھا لیں گے۔
حلف برداری کی تقریب میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ، جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی، چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، ان کی وفاقی کابینہ، اسلام آباد میں تعینات غیر ملکی سفرا، ہائی کمشنرز ، اعلیٰ سول و عسکری عہدیداران، سپریم کورٹ و ہائیکورٹ کے جج صاحبان، وفاقی سیکرٹریز، اٹارنی جنرل آف پاکستان، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، وزیراعلیٰ پنجاب اور سندھ، صوبوں کے گورنرز اور دوسری اعلیٰ شخصیات مدعو ہوں گی۔
امکانی طور پر قومی اسمبلی آنئدہ بدھ/جمعرات کو مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کو شو آف ہینڈ کے ذریعے قائد ایوان چنے گی، شہباز شریف کو قومی اسمبلی نے 11 اپریل 2022کو پاکستان کا 23 واں وزیراعظم کثرت رائے سے منتخب کیا تھا مگر پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے صدر عارف علوی نےاپنے بانی پی ٹی آئی کی خواہش پر میاں شہبازشریف سے ایوان صدر میں حلف لینے سے معذرت کی تھی اور آئین کے مطابق چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے 11اپریل 2022 کو ایوان صدر میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں میاں شہباز شریف سے حلف لیاتھا جبکہ 14اگست 2023کو نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے صدر عارف علوی نے حلف لیا تھا۔
پاکستان کے پہلے وزیراعظم نوابزادہ لیاقت علی خان 15 اگست 1947سے 16 اکتوبر 1951 تک عہدے پر فائز رہے، دوسرے وزیراعظم خواجہ ناظم الدین 17اکتوبر 1951سے 17اپریل 1953 تک متحدہ پاکستان کے وزیراعظم رہے، تیسرے وزیراعظم محمد علی بوگرہ 17 اپریل 1953سے 11اگست 1955 تک پاکستان کے وزیراعظم رہے،اس کےبعد چوہدری محمد علی، حسین شہید سہروردی، ابراہیم اسماعیل چندریگر ، سر فیروز خان نون، نورالامین وزیراعظم رہے۔
1973میں قومی اسمبلی سے منتخب ہونے والے پہلے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو تھے، ان کے بعد محمد خان جونیجو ، محترمہ بینظیر بھٹو ، میاں محمد نوازشریف، میر ظفراللہ خان جمالی، چوہدری شجاعت حسین، شوکت عزیز، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شاہد خاقان عباسی، عمران خان اور شہباز شریف قومی اسمبلی کے منتخب شدہ وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہے۔
یہ بھی پڑھیں؛برائلرمرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی
وفاقی دارالحکومت کے سیاسی حلقوں کے مطابق رواں ماہ (فروری)کے آخری دن یا نئے ماہ (مارچ)کے پہلے دن نئے منتخب وزیراعظم سے جب صدر حلف لیں گے تو نئے منتخب وزیراعظم اس قومی تقریب میں پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت صدر مملکت عارف علوی سے اپنی پہلے مرحلے کی کابینہ کے ارکان سے حلف لینے کی درخواست کریں گے، صدر عارف علوی کے نئی وفاقی کابینہ کے ارکان سے اسی تقریب میں حلف لینے کا بھی امکان ہے۔