ننھے یوٹیوبر شیراز اور مسکان کے وی لاگز نے سب کو پیچھے چھوڑدیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ننھے پاکستانی وی لاگر محمد شیراز نے بڑے بڑے یوٹیوبرز کو پیچھے چھوڑ دیا۔
کم عمر شیراز اپنے بھولے پن اور مٹھاس بھرے لہجے کے سبب سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بے حد پسند کیے جارہے ہیں اور ان کے وی لاگز 'شیرازی ویلیج وی لاگز' بچے اور بڑے سب ہی شوق سے دیکھتے ہیں،محمد شیراز کا تعلق سیاچن کے نواحی گاؤں "غورسے"سے ہے اور وہ اپنی ہی طرح پیاری سی چھوٹی بہن مسکان کے ساتھ غورسے میں گزرنے والی روزمرہ زندگی وی لاگز کے ذریعے دکھاتے ہیں۔
بہن بھائی کی اس جوڑی نے کم مدت میں سب کے دلوں میں جگہ بنالی ہے اور بھولے بھالے بچوں کی یہ جوڑی اپنی مزیدار باتوں سے اپنے ویوورز کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کا فن جانتی ہے۔
یوں تو وی لاگز دیکھنے کی سب سے اہم وجہ انٹرٹینمنٹ ہی ہوتی ہے لیکن ننھے شیراز کی شخصیت ہی کچھ ایسی ہے کہ وہ دیکھنے والوں کو دل سے خوش کردیتے ہیں۔ نٹ کھٹ انداز، بھولی بھالی صورت اور شوخ مزاجی ان کی وہ ادائیں ہیں جس کے سبب شیراز کے وی لاگز دیکھنا یوٹیوب صارفین پر لازم ہیں۔
محد شیراز کی بہن مسکان:
مسکان، محمد شیراز کی چھوٹی بہن ہے جو خود ہی اتنی پیاری اور دلچسپ شخصیت کی حامل ہے کہ اس کا اپنا الگ یوٹیوب چینل بھی ہونا چاہئے۔ روئی کے گالوں والی مسکان ایک نڈر بچی ہے جو کبھی کسی بات سے نہیں ڈرتی بلکہ ہر مشکل کا بہادری سے مقابلہ کرتی ہے پھر چاہے کسی پہاڑی پر چڑھنا ہو یا پھر کسی خطرناک پُل کو پار کرنا ہو مسکان کی طبیعت میں ہی ڈر نامی کیفیت پائی نہیں جاتی۔
شیراز اور مسکان کی سادگی:
محمد شیراز اور مسکان کے وی لاگز کی ایک خاصیت ان کی سادگی ہے۔ دونوں بچے چھوٹی چھوٹی باتوں میں خوشیاں ڈھونڈنے کا فن بخوبی جانتے ہیں اور وہ اپنی روزمرہ زندگی میں ہر وقت لطف اندوز ہونے کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ دونوں ننھے بچے برف کھاتے، پہاڑ چڑھتے اور اترتے، پُل کو ہمت کے ساتھ پار کرتے اور بکریوں کے پیچھے دوڑتے نظر آتے ہیں غرض دونوں کو آپس میں وقت گزارنا پسند ہے نہ کہ دیگر بچوں کی طرح موبائل اور دوسری ٹیکنالیوجی سے سروکار ہے۔
محمد شیراز کے وی لاگز میں انٹرٹینمنٹ کے علاوہ یہ معلومات بھی ملتی ہے کہ ان کا گاؤں کن بنیادی ضروریات سے محروم ہے۔ محمد شیراز اکثر و بیشتر اس حوالے سے بات کرتے نظر آتے ہیں کہ ان کو جن مشکلات کا سامنا ہے اس کا حل نکالنا چاہئے۔