پی ایس ایل: پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 8 رنز سے شکست دے دی

Feb 25, 2024 | 18:44:PM

(24 نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے 12 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 8 رنز سے شکست دے دی۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان 211 رنز بنائے، اوپنر بابر اور صائم ایوب کے درمیان 136 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی، بابر 48 اور صائم 88 رنز بناکر نمایاں رہے۔

یہ بھی پڑھیے: پی ایس ایل 9، سرفراز احمد کی سی ٹی اسکین رپورٹ سامنے آگئی

علاوہ ازیں رومین پاؤل نے 20 گیندوں پر 48 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، آصف علی 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حارث 12 اور والٹر 2 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 اور جہانداد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

زلمی کے 212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 203 رنز بناسکی۔

قلندرز کی جانب سے وین ڈر ڈوسن  نے ایچ بی ایل، پی ایس ایل 9 کی پہلی سنچری اسکور کی، انہوں نے 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی لیکن ان کی 104 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز بھی قلندرز کو پہلی کامیابی نہ دلواسکی۔ اس کے علاوہ شائی ہوپ 29 ، احسن حفیظ 20 اور صاحبزادہ فرحان نے 15 رنز بنائے، جہانداد خان 13 ، فخر زمان 4 اور سکندر رضا ایک رن بناسکے۔

زلمی کی جانب سے نوین الحق نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،  لیوک ووڈ ، پاول ولٹر اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز اب تک ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ نہیں جیت سکی، اسے 5 میچز میں مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پشاور زلمی نے اب تک4 میچز کھیلیں ہیں جس میں اسے 2 میں شکست اور 2  میں کامیابی ملی۔

مزیدخبریں