(24 نیوز) محکمہ برائے حکومتی کارکردگی کے رکن اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے امریکی سرکاری ملازمین کو دوسری وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی ملازمت کے حوالے سے بریفنگ دیں یا پھر گھر جانے کے لیے تیار رہیں۔
ایلون مسک کی جانب سے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کو اپنی ڈیوٹی اور ورکنگ ٹائم کے متعلق بتانا ہوگا۔
مسک کی جانب سے دوسری وارننگ کے بعد امریکی وزارت خزانہ نے اپنے ملازمین کو جلد سے جلد ایلون مسک کو ای میل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں جبکہ پینٹا گون سمیت متعدد اداروں نے ابھی تک کوئی ردعمل نہیں دیا۔
ایلون کا کہنا ہے اس حوالے سے وفاقی ملازمین کو جلد اِی میل ارسال کردی جائے گی، اِی میل کا جواب نہ دینے والے وفاقی ملازمین کو مستعفی سمجھا جائے گا۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے ایلون مسک کو نئے محکمے ڈوج کا سربراہ بنایا ہے جو فیڈرل ملازمین کی کارکردگی جانچنے اور اخراجات بچانے کیلئے کام کرے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ارب پتی کاروباری شخصیت اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم مشیر ایلون مسک نے ایک تقریب میں آری لہرا کر اور یہ اعلان کر کے ’’یہ بیورو کریسی کے لیے ہے‘‘ اپنے عزائم کا اعلان کیا تھا۔