خیبر پختونخوا،سیاحوں کی مدد کیلئےہیلپ لائن کا آغاز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی (ٹی سی کے پی) کی جانب سے پہلی بار سیاحوں کی مدد کے لیے 24 گھنٹے فعال رہنے والی ٹول فری ہیلپ لائن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں سیاحوں کی مدد کے لیے شروع کی جانے والی اس ٹول فری ہیلپ لائن کا نام 'ٹورسٹ فیسیلیٹیشن حب' ہے جس کا نمبر 1422 ہے۔اس ہیلپ لائن کے تحت اب خیبر پختونخوا آنے والے ملکی اور غیر ملکی سیاح ٹورسٹ اسپاٹ، موسمیاتی حالات، قریبی خوبصورت مقامات کی معلومات سمیت ٹریفک اور ایمرجنسی سروس سے متعلق معلومات حاصل کرسکیں گے۔سیاحوں کے لیے شروع کی جانے والی یہ ہیلپ لائن فی الحال صوبے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے آزمائشی بنیاد پر چلائی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال اگست 2020 میں خیبر پختونخوا میں سیاحت کھولنے کے بعد ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں بڑی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی (ٹی سی کے پی) کے اعداد و شمار کے مطابق 13 اگست 2020 سے لے کر 31 اکتوبر 2020 تک خیبر پختونخوا میں 26 لاکھ 81 ہزار کے قریب سیاح آئے تھے۔