(24نیوز)بھارت چین سرحدی تنازع پھر گرم، 20 جنوری کی رات سکم اور ناکولا سیکٹر پر چینی اور بھارتی فوجوں کے درمیان جھڑپوں سے دونوں اطراف کے درجنوں فوجی زخمی ہوگئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق چین اور بھارت کی متنازع سرحدی علاقے کو لے کر ایک بار پھر سے کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ نیپال اور بھوٹان کے درمیان واقع شمالی سکم کے علاقے ناکولا سیکٹر کے قریب میں تازہ ترین جھڑپوں میں دونوں ممالک کے فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی آرمی نے اس حوالے سے بیان دیا ہے کہ 20 جنوری کو سکم کے ناکولا سیکٹر میں چینی اور بھارتی فوجیوں کے درمیان معمولی جھڑپ ہوئی لیکن مقامی کمانڈرز نے صورتحال کو جلد سنبھال لیا۔
دوسری جانب بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ پٹرولنگ پر مامور چینی فوجی بھارتی سرحد میں گھس آئے جس پر بھارتی افواج نے انہیں پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی اس دوران دونوں افواج کے درمیان جھڑپ ہوئی۔
واضح رہے 6 ماہ قبل چین اور بھارت کے افواج کے درمیان لداخ میں شدید جھڑپیں ہوئی تھیں ،ایک جھڑپ کے دوران 20 بھارتی فوجیوں کے مارنے جانے کی تصدیق بھی ہوئی تھی۔ بعد ازاں دونوں ممالک نے معاہدے کے تحت اپنی اپنی افواج کو پیچھے ہٹانے پر اتفاق کیا تھا۔