سپریم کورٹ: شریف خاندان کے ادا کئے ٹیکس سے متعلق ایف بی آر سےتفصیلات طلب

Jan 25, 2021 | 15:55:PM

( 24 نیوز)سپریم کورٹ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے شریف خاندان کی جانب سے ادا کئے گئے ٹیکس سے متعلق تفصیلات آئندہ سماعت پر طلب کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں شریف خاندان کے ویلتھ ٹیکس کیس کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر جسٹس منیب اختر نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے وکیل سے پوچھا کہ ویلتھ ٹیکس کیخلاف شریف خاندان کی اپیلوں پر کیا فیصلہ ہوا؟۔جواب میں ایف بی آر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شریف خاندان نے ٹیکس کی ادائیگی میں تاخیر کی، جس پر اضافی ٹیکس کا نوٹس بھیجا گیا۔ اضافی ٹیکس نوٹس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔سماعت کے دوران جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ میں رٹ تو ایڈیشنل ٹیکس پر دائر کی گئی تھی، ہوسکتا ہے کہ اپیلیں ٹیکس ایپلٹ اتھارٹی نے منظور کرلی ہو۔

جسٹس سجاد علی شاہ نے ایف بی آر کے وکیل سے پوچھا کہ ایف بی آر 5 سال تک کیوں خاموش بیٹھا رہا؟ جسٹس عمرعطا بندیال نے استفسار کیا کہ کیا شریف خاندان نے ٹیکس ریفنڈ کی درخواست دی۔اس موقع پر وکیل نے ایف بی آر سے نئی ہدایات لینے کیلئے مہلت طلب کرلی۔ عدالت نے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے اگلی سماعت پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

 

مزیدخبریں