قومی اثاثے گروی،نالائقوں نے پاکستان کو نیلام گھر بنا دیا ، مریم اورنگزیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ نالائقوں، نااہلوں اور چوروں نے پاکستان کو نیلام گھر بنا دیا۔ قومی اثاثے جس احمقانہ طریقے سے گروی رکھ رہے ہیں کوئی محب وطن ایسا نہیں کرسکتا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اثاثے نیلام کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف دور میں منصوبے بن رہے تھے جبکہ نئے پاکستان میں نیلام ہورہے ہیں۔ قومی اثاثے گروی رکھنے کا عمل روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں پاکستان کے اثاثوں میں اضافہ ہورہا تھا۔ شریف برادران نےکھیلوں کےمیدان اورپارکس آباد کئے اور یہ نیلام کررہے ہیں۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے موٹرویز، پارک، ہسپتال، ہوائی اڈے بنائے، عمران صاحب ان سب کو گروی اور نیلام کر رہے ہیں۔ عمران صاحب ’سب بیچ دے‘ کے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔ ایف 9 پارک سمیت قومی اثاثے کوڑیوں کے بھاؤ گروی رکھے جا رہے ہیں۔ حکومت کو معلوم ہے کہ وہ قرض ادا نہیں کرسکے گی، قرض دینے والے ان اثاثوں کو فروخت کرکے کھربوں کمائیں گے، قوم کو پتہ چلنا چاہیےکہ مشکوک عمل میں کس کی جیب میں کتنے پیسے جارہے ہیں؟
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ اثاثے گروی رکھنے کے ایجنڈے پر عمل کے لئے عمران صاحب کو فارن فنڈنگ ہوئی، غیر قانونی غیر ملکی فنڈنگ کے اثرات آج پاکستان کے ہر شعبے میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ آج کے حالات گواہی دے رہے ہیں کہ عمران صاحب کو کیوں ملک پر مسلط کیا گیا؟ کیوں اربوں روپے عمران صاحب کی جیب میں ڈالے گئے؟