(24 نیوز)صوبائی وزیراطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بلاول کے بیان کو سپورٹ کرنےکیلئے آصف زرداری کو گرجنا پڑنا، لیکن وہ مایوس ہو چکے ہیں ،پرچی والے شہزادےکی جان سندھ حکومت میں ہے وہ اس کو کبھی نہیں چھوڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایوان وزیراعلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں 25 نکاتی ایجنڈہ زیربحث آیا۔ وزیراعظم عمران خان کا منشور میں وعدہ تھا کہ ریاست مدینہ کی طرز پر ملک بھر میں عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اس سلسلے میں پنجاب میں 2 کروڑ 93 لاکھ خاندانوں کو مکمل ہیلتھ کور دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت پنجاب کے 9 ڈویژن اور 36 اضلاع میں یونیورسل ہیلتھ پروگرام کا حصہ ہوں گے۔ سالانہ 65 لاکھ کے فنڈز مختص کئے جا رہے ہیں کابینہ کی منظوری کے ساتھ ساتھ ایک سب کمیٹی بنا دی گئی ہے جو مختلف انشورنس کمپنیوں، ہسپتالوں، نچلی سطح تک اس پراگرام کو پھیلانے کے لئے تجاویز دے گی۔ اس عظیم فلاحی منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ باقی تفصیلات وزیر صحت کے ساتھ مل کر عوام کو بتا دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر 2021 تک اس منصوبے کو ہم مکمل کرنے جا رہے ہیں کابینہ نے بھکر میں تھل یونیورسٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ ترقی یافتہ علاقوں سے جہالت کے اندھیرے ختم کئے جا سکیں ،سابقہ ادوار میں صرف چند شہروں اور چند طبقات کو نوازا جاتا رہا لیکن ہماری حکومت نے سیالکوٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی بنانے کی منظوری دے دی ہے تاکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔
فردوس عاشق نے کا کہ کابینہ نے لاہور میں بے ہنگم ہاوسنگ سوسائٹیوں کی بجائے بلند و بالا عمارتوں کی طرف جایا جائے اس کے لئے بھی ایک اتھارٹی کی منظوری دے دی گئی ہے مظفرگڑھ میں نئی تحصیل بنائی جا رہی ہے پاک فوج کے شہدا کے لئے چولستان میں زمین فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے توانائی بحران کے لئے معاہدوں کی ادائیگیوں کے لئے چینی کرنسی یوآن کو استعمال کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ ڈیجیٹل پنجاب کے لئے اب آن لائن وصولیاں ہوا کرینگی راوی اربن اتھارٹی ایکٹ میں بھی ترامیم کی منظوری دے دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اصلاحات کے حوالے سے ڈی ایس پیز اور ایس پیز کی ترقی کے لئے رولز میں ترامیم ہونا تھیں، اب ان سروس رولز کی منظوری دے دی گئی ہے، انسداد دہشت گردی کی 2 خصوصی عدالتوں راولپنڈی اور سرگودھا میں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رولز کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ پینے کے صاف پانی کے لئے پاک آپ اتھارٹی کے رولز کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔پنجاب پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے 1500 کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کے لئے کمیٹی منظوری دے گی ۔جنریشن ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن ایکٹ کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔فیصل آباد میں پولیس گردی کا شکار ہونے والے نوجوان کے حوالے سے کابینہ نے تحفظات کا اظہار کیا ہے قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو بھی قانون کے تابع لایا جا رہا ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پی ڈی ایم کو در در کی ٹھوکریں کھانے کے بعد احساس ہو گیا کہ تحریک عدم اعتماد ہی اس حکومت کیخلاف قانونی طریقہ ہو سکتا ہے۔ اپوزیشن پارلیمان سے حکومت کو جمہوری انداز میں چیلنج کرتی ہے تو حکومت اس کا اسی انداز میں جواب دے گی۔انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم پلس نے ن لیگ کی اہم وکٹ گرائی ہے اور یہ سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ عثمان بزدار یا ان کے خاندان کیخلاف کوئی ثبوت نہیں بلکہ صرف الزام تراشی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔پی ٹی آئی میں حد سے زیادہ جمہوریت ہے تو یہاں کوئی بھی چھوٹی سی بات پر ہی ناراض ہو سکتا ہے۔ ظل سبحانی کے دور میں کوئی ایسا سوچ بھی نہیں سکتا تھا ۔سینٹ انتخابات میں مسلم لیگ ق کو ایک نشست دی جا رہی ہے ہمیں یقین ہے کہ اپوزیشن کی صفوں میں جو اضطراب ہے تو وہ حکومتی امیدواروں کو ووٹ ڈالیں گے ۔ہماری پارٹی کے ناراض اراکین کہیں نہیں جائیں گے بلکہ وہ اپنے گھر میں ہی ہیں پرچی والے شہزادے کی جان سندھ حکومت میں ہے وہ اس کو کبھی نہیں چھوڑیں گے۔