(24نیوز)مولانا فضل الرحمٰن اور نواز شریف کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم کی تحریک پر طویل مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے حکومت سے عوام کو نجات دلانے کیلئے تحریک تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے اور حکومت مخالف لانگ مارچ اور ان ہاؤس تبدیلی سمیت مختلف اہم قومی امور پر بھی مشاورت کی،مولانا فضل الرحمٰن نے نواز شریف کو آج پی ڈی ایم سربراہی اجلاس کے ایجنڈے پر بھی اعتماد میں لیا،مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، اب ان حکمرانوں سے عوام کو نجات دلانے کا وقت آچکا ہے،اس موقع پرنواز شریف نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جو بھی فیصلہ ہو گا ن لیگ بھرپور ساتھ دے گی۔
خیال رہے کہ 23 مارچ کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے لئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ’’پی ڈی ایم‘‘ سربراہی اجلاس آج اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمٰن کی زیر صدارت ہوگا،اجلاس میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپوزیشن کی تحریک اور سیاسی حکمت عملی پر غور ہوگا اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو منتیں کرکے باہر بھیجا گیا۔۔ رانا ثنا اللہ