سیاسی گرفتاریاں کرنا ہوتیں تو تحریک انصاف کی پوری قیادت جیل میں ہوتی ، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی دور حکومت میں سیاسی گرفتاریاں کی گئیں، ہم نے سیاسی گرفتاریاں کرنا ہوتیں تو تحریک انصاف کی پوری صف اول کی قیادت جیل میں ہوتی۔
تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فواد چودھری کی گرفتاری سیاسی نہیں ہے، ان کے دور میں وزراء گرفتاریوں سے پہلے گرفتاریوں سے متعلق پریس کانفرنس کیا کرتے تھے، فواد چودھری کے خلاف سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ 9 ماہ سے ہم حکومت میں ہیں اور تحریک انصاف زبان درازی کر رہی ہے،عمران خان کے دور میں باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتارکیا گیا، وہ سیاسی انتقام تھا، شہباز شریف کو گرفتارکیا گیا، ان کی بیٹی کے گھر دھاوا بولا گیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام نے فیصلہ کرنا ہوگا کہ کہاں لائن کھینچنی ہے، افواج پاکستان کے خلاف پارٹی کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے مہم چلائی گئی، یہ آئینی اداروں کو دھمکی دے رہے ہیں کہ ہمارے لیڈر کے خلاف فیصلہ ہوا تو جینا مشکل کردیں گے، اگر کسی کو اداروں کو دھمکی دینے کی اجازت دی گئی تو پھر تمام عوام کو یہ حق ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں صحافیوں کو اٹھوایا جاتا تھا، پیٹ میں گولیاں ماری جاتی تھیں، یہ لوگ میڈیا کو دھمکاتے تھے،گالیاں دیتے تھے، جیلوں میں ڈلوایا، نہال ہاشمی کو سزا پر عمران خان نے خوشی سے ٹوئٹ کیا تھا، نہال ہاشمی کے بیان کی ہماری پارٹی نے بھی مذمت کی تھی، فریال تالپور کو عید والے دن اسپتال سےگھسیٹ کر جیل میں ڈالا گیا، رانا ثنااللہ پر 20 کلو ہیروئن ڈال دی ،نہ وہ بیگ ملا نہ ہیروئن، ہمارے سب لوگوں نے اپنےکیسز عدالتوں میں لڑے۔