(ویب ڈیسک)چیونٹیاں کینسر کی بو کو سونگھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات فرانس میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی،پیرس یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ چیونٹیاں پیشاب میں کینسر کی بو کو شناخت کرسکتی ہیں۔اس سے قبل یہ بات سامنے آئی تھی کہ کینسر کی متعدد اقسام سے پیشاب کی بو میں تبدیلیاں آتی ہیں مگر اب پہلی بار دریافت کیا گیا کہ چیونٹیاں اس بو کو سونگھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
محققین کے مطابق چیونٹیوں کو مریضوں میں کینسر کی تشخیص کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے جس سے اخراجات میں کمی آئے گی جبکہ وقت بھی بچے گا،ان کا کہنا تھا کہ چیونٹیوں کو اس کام کی تربیت دینا آسان ہے اور وہ جلد اسے سیکھ بھی لیتی ہیں۔اس تحقیق کیلئے لیبارٹری کے اندر 70چیونٹیوں کو استعمال کیا گیا اور کینسر کی رسولی سے متاثر یا اس بیماری سے محفوظ چوہوں کے پیشاب پر تجربات کیے گئے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ چیونٹیاں صحت مند اور رسولی والے جانوروں میں فرق کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں،محققین نے بتایا کہ چیونٹیوں کے سونگھنے کا نظام بہت حساس ہوتا ہے اور ہم نے انہیں کینسر کی بو سونگھنے کی تربیت دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: نیپال میں 5.4 شدت کا زلزلہ،عمارتیں جھولتی رہیں