پنجاب حکومت تھیڑز کیلئےنئی قانون سازی کرنے جارہی ہے:عظمیٰ بخاری

Jan 25, 2025 | 18:35:PM
پنجاب حکومت تھیڑز کیلئےنئی قانون سازی کرنے جارہی ہے:عظمیٰ بخاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤ دلشاد)عظمیٰ بخاری نے تھیٹرز میں فحاشی کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے فیملی ڈراموں کی حوصلہ افزائی کی اور قانون سازی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے تھیٹر مالکان سے ملاقات کے دوران تھیٹرز میں فحاشی اور بے حیائی پھیلانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

 انہوں نے اعلان کیا کہ تھیٹرز میں فحاشی اور بے حیائی کی پروموشن کرنے والے اداکاروں پر تاحیات پابندی عائد کی جائے گی، اور ان تھیٹرز کے لائسنسز بھی منسوخ کر دیے جائیں گے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے پنجاب آرٹس کونسل کو ہدایت دی کہ وہ تمام تھیٹر مالکان سے انڈرٹیکنگ لیں، جس کے بعد انڈرٹیکنگ کے ساتھ سیل شدہ تھیٹرز کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر قیادت تھیٹرز میں بے حیائی اور فحاشی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب میں وہ تھیٹرز بننے چاہئیں جہاں فیملیز آ کر ڈرامے دیکھیں۔اور ڈرامے سماجی موضوعات پر مبنی ہونے چاہئیں تاکہ عوام کی رہنمائی کی جا سکے۔

وزیراطلاعات  پنجاب نے واضح کیا کہ جو تھیٹر مالکان اور اداکار فحاشی پھیلانے کی کوشش کریں گے وہ پنجاب میں ڈرامہ نہیں کر پائیں گے۔

انہوں نےمزید  کہا کہ پنجاب کے تھیٹرز دنیا بھر میں اپنی منفرد پہچان رکھتے تھے اور اب فحاشی کے اڈے بنانے والوں کے لیے ان تھیٹرز میں کوئی جگہ نہیں۔ 

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت جلد تھیٹرز کے لیے نئی قانون سازی کرنے جارہی ہے اور تھیٹر مالکان کو فیملی ڈرامے بنانے کی ترغیب دی،اور کہا حکومت ان مالکان کو مکمل سپورٹ فراہم کرے گی جو اچھے اور معیاری ڈرامے پیش کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام تھیٹرز کو آخری وارننگ دی جارہی ہے، اور جو تھیٹرز رولز کی خلاف ورزی کریں گے، ان کو شوکاز نوٹس دیے جائیں گے، پھر جرمانے اور آخرکار لائسنس کی منسوخی بھی کیے جائیں گے۔

اس موقع پر تھیٹر کے مشہور فنکار  ظفری خان، قیصر ثناء اللہ، وحید جٹ اور انتظامی افسران سمیت دیگر تھیٹر مالکان بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: جنسی زیادتی اور بلیک میلنگ میں ملوث1122کا اہلکار گرفتار