چینی کی قیمت میں 20 روپے فی کلو تک اضافہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) رمضان کے آغاز سے قبل ہی کراچی کی مارکیٹوں میں سٹے باز سرگرم ہوگئے، چینی کی فی کلو قیمت 10 روز میں 20 روپے بڑھا دی گئی، شہری چینی 150 روپے فی کلو خریدنے پر مجبور ہیں۔
چینی کی قیمت پر سٹے بازی ایک بار پھر عروج پر پہنچ گئی، رمضان المبارک سے قبل ہی کراچی کی مارکیٹ میں سٹے باز سرگرم ہوگئے، واٹس ایپ گروپس کے ذریعے من مانی قیمتیں طے کرنے لگے۔
رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں 10 روز کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں بیس روپے اضافہ کردیا گیا۔ ڈیلر کہتے ہیں ایکسپورٹ کی آڑ میں اسمگلنگ اور سٹے بازی ہورہی ہے۔
شوگر ڈیلرز نے رمضان المبارک تک فی کلو چینی 170 روپے کلو ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا اور ساتھ ہی کہا ہے کہ ایف آئی اے چھاپے مارے تو چینی ایک دن میں 10 روپے کلو سستی ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب لاہور کی مارکیٹوں میں بھی چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، ایک ہفتے کے دوران نرخ فی کلو 12 روپے بڑھ گئے، پچاس کلو والا تھیلا 600 روپے اضافے کے بعد 7 ہزار 400 روپے تک پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق ہول سیل پر چینی کی فی کلو قیمت 136 سے بڑھ کر 148 روپے ہوگئی ہے جبکہ پرچون میں چینی 150روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے۔
مزید پڑھیں: مرغی کا گوشت سستا ،قیمت میں حیران کن کمی