(ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر ارشدیپ سنگھ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں نیا ریکارڈ قائم کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اگر ارشدیپ سنگھ نے صرف 3 وکٹیں لے لیں تو وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے بولر بن جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کولکتہ میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے پہلے T20میچ میں ارشدیپ سنگھ T20I میچز میں بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو شکست دی ۔ بھارتی بالرز نے فلیٹ پچ پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو صرف 132 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ ارشدیپ سنگھ نے فل سالٹ اور بین ڈکٹ کی وکٹیں لے کر انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر کو جلد ہلا کر رکھ دیا۔ اس کے بعد ورون چکرورتی نے 23 رنز کے عوض تین وکٹیں لے کر مین آف دی میچ کارکردگی دکھائی اور انگلینڈ کی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ارشدیپ سنگھ نے پہلے ٹی 20 میں ایک بڑا ریکارڈ بنایا اور یوزویندر چہل جنہوں نے 96 وکٹیں حاصل کیس ہوئی ہیں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بھارت کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔ ارشدیپ نے اب تک97 وکٹیں حاصل کی ہیں اور انکو چنئی میں آج کھیلے جانیوالے ٹی 20 فارمیٹ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے کے لیے صرف تین وکٹوں کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ تیز ترین 100 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں لینے کا ریکارڈ اس وقت پاکستانی میڈیم پیسر حارث رؤف کے پاس ہے جنہوں نے 71 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ لیکن ارشدیپ سنگھ نے اب تک 61 میچ کھیلے ہیں، وہ 62 میچوں میں تیز ترین 100 وکٹیں لینے کا ورلڈ ریکارڈ بنا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:شاداب خان نے خاتون ٹک ٹاکر شاہ تاج خان کے الزامات پر خاموشی توڑ دی