پیپلزپارٹی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا ،گورنرپنجاب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(یاسر عرافات)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا ہے۔
شکرگڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کی حمایت کرتی ہے اور ملک کی بہتری کے لیے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کی حامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھیں اور ایک ایسا چارٹر پر دستخط کیا جائے جس میں تمام جماعتیں اپنی سیاست کو آگے بڑھا سکیں۔
گورنر نے مسلم لیگ ن کو یاد دلایا کہ پیپلزپارٹی نے 18 ماہ پہلے ن لیگ کا ساتھ دیا تھا، باوجود اس کے کہ پیپلزپارٹی کے کارکنان کو سوتیلی ماں جیسا سلوک مل رہا تھا۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ن لیگ کا ساتھ دیا اور ملک کے نظام کو چلانے کی بھرپور کوشش کی، حالانکہ ن لیگ کو اتحادیوں کے ساتھ چلنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2008 میں صدر آصف علی زرداری نے اتحادیوں کو ساتھ لے کر حکومت چلائی.
گورنر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو اب سمجھنا چاہیے کہ اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے تاکہ حکومت مضبوط ہو سکے۔
آخر میں گورنر پنجاب نے پییکا ایکٹ کے بارے میں کہا کہ سوشل میڈیا کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قانون ضروری تھا، مگر اس کی منظوری سے پہلے صحافتی تنظیموں سے مشاورت کرنا ضروری تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ صحافتی تنظیموں کے ساتھ مل کر اس بل کو منظور کرتی تاکہ قانون سب کے لیے قابل قبول ہوتا۔
گورنر نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت نے پہلے قانون بنایا اور پھر مشاورت کا عمل شروع کیا، جو ایک نالائقی کی علامت ہے۔
مزید پڑھیں: سی ٹی ڈی کے پنجاب میں آئی بی اوز آپریشنز، 10 دہشتگرد گرفتار