خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر صدر اور وزیرِ اعظم کا فورسز کو خراجِ تحسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا خیبر پختونخوا میں مختلف آپریشنز میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 30 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین اور کامیاب کاروائیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کامیاب کاروائیاں کرنا خوش آئند ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے انٹیلیجنس پر مبنی کاروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے ضلع لکی مروت، کرک اور خیبر میں خوارج کے خلاف فورسز کی کامیاب کاروائیوں کی تعریف کی ، صدر مملکت نے کہا ہے کہ مختلف کاروائیوں میں 30 دہشت گردوں کو ہلاک کرنا سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے،دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کامیاب کاروائیاں کرنا خوش آئند ہے۔صدر مملکت نے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ضلع لکی مروت، ضلع کرک اور ضلع خیبر میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیوں میں مجموعی طور پر 30 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخواہ میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 30 خوارج ہلاک