عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کر کے پاکستان کے آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں، شہباز شریف

Jul 25, 2021 | 00:26:AM

(24 نیوز)مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کشمیر پر ریفرنڈم کرانے کا وزیراعظم عمران خان کا بیان مسترد کر دیا۔ 
 انہوں نے کہا کہ عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کر کے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تنازع جموں و کشمیر پر پاکستان کے تاریخی موقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہٹ کر کوئی موقف پوری قوم مسترد کرتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کے بیان سے وہ خدشات ثابت ہو گئے ہیں جو 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات سے قوم کے سامنے پہلے ہی آ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی مرضی اور مشاورت کے بغیر کوئی حل ان پر ٹھونسنا بھارت کی مدد کرنا اور کشمیر کاز سے غداری کے مترادف ہے۔
خیال رہے کہ باغ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کشمیر کے لوگوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کا حق ملے گا اور ریفرنڈم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کرائیں گے کہ کشمیری پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا آزاد رہنا چاہتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ آزاد کشمیرکوصوبہ بنانا چاہتا ہوں لیکن آزاد کشمیرکوصوبہ بنانے والی بات کہاں سے آئی ؟ میں نہیں جانتا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کو سی پیک سے متعلق بیان دینے کا کوئی حق نہیں: ترجمان دفتر خارجہ

مزیدخبریں