الیکشن ڈے۔پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کےکارکنوں میں تصادم۔ فائرنگ۔1شخص جاں بحق

Jul 25, 2021 | 11:04:AM

(24نیوز )آزاد کشمیر میں الیکشن کے موقع پر  پیپلز پارٹی او ر  تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہو گیا۔ فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ2زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پی پی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان تصادم کا واقعہ ایل اے 12چڑھوئی میں پیش آیا ہے جبکہ  انتخابی حلقے ایل اے 10 کے پولنگ اسٹیشن 91، 92، 93، 94، 95 اور 101 میں پی ٹی آئی کارکنوں کی فائرنگ سے پی پی امیدوار کی گاڑی گولیوں سے چھلنی ہوگئی، پیپلزپارٹی کے مرکزی الیکشن سیل کے سربراہ سینیٹر تاج حیدر نے آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو واقعے کی تحریری شکایت جمع کرادی۔

پولیس حکام کے مطابق مظاہرین کے احتجاج کی وجہ سے پولنگ بوتھ بند کردیا گیا ہے اور ووٹنگ کا عمل ابھی شروع نہیں ہو سکا ہے، ہنگامہ آرائی کرنے والے 6افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں راولا کوٹ کے حلقہ ایل اے 20ریڑبن میں ووٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے پولنگ سٹیشن کو تالے لگا دیئے ہیں اور پولنگ عملے کو بھی سٹیشن کے اندر داخل نہیں ہونے دیا جارہا ۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے 150ووٹ دوسری جگہ منتقل کردیئے گئے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں: کوروناسے مزید 45افراد جاں بحق۔۔  2819 نئے کیسز رپورٹ
 

مزیدخبریں