وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب،سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ آج متوقع، ریڈ زون کی سکیورٹی سخت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)سپریم کورٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق سماعت کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے ریڈ زون میں گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا،پنجاب میں اقتدار کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا؟ ساری نظریں سپریم کورٹ کی جانب ہیں اور اس حوالے سے اہم فیصلہ آج متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصلے کے پیش نظر پنجاب پولیس نے ریڈ زون کیلئے سخت حفاظتی انتظامات مکمل کر لئے ہیں، حکومت نے سیاسی کارکنوں کو سپریم کورٹ تک رسائی نہ دینے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق ریڈ زون میں سرکاری، میڈیا اور ارکان اسمبلی کی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہو گی،سماعت کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور نمٹنے کیلئے کیپٹل پولیس نے ریڈ زون کےلئے سخت حفاظتی اقدامات اٹھالئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں کسی قسم کے احتجاج کی اجازت نہیں جبکہ ڈپلومیٹک انکلیو جانے والے شہریوں کو سکیورٹی ڈویژن سے تصدیق کے بعد داخلے کی اجازت ہوگی ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لئے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
خیال رہے کہ حمزہ شہباز 22 جولائی کو پنجاب اسمبلی میں ہونے والے اجلاس میں ڈیڑھ ماہ کے دوران دوسری بار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے تھے تاہم ان کے مخالف امیدوار چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے انہیں پیر تک ٹرسٹی وزیراعلیٰ رہنے کا حکم نامہ جاری کیا۔