توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان پیش، 2 اگست کو فرد جرم عائد ہوگی

Jul 25, 2023 | 09:36:AM

 (24نیوز)توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پیش ہوگئے، الیکشن کمیشن نے فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ بھی مقرر کردی۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں  چیئرمین پی ٹی آئی، فواد چوہدری اور  اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی،اسلام آباد پولیس کی جانب سے عمران خان کی وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرادی گئی۔

رکن الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نےکہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری وکیل کو کیوں دیے؟ کیا آپ کو  وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کا طریقہ معلوم نہیں؟ چیئرمین پی ٹی آئی کے علاوہ کسی اور کو  وارنٹ کیوں دیئے؟فواد چودھری نے موقف اختیار کیا کہ ان کا وہی موقف ہے جو دوسرے کیس میں تھا۔

عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نےکہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پانچ کیسز ہائی کورٹ میں ہیں، جیسے وہ فری ہوتے ہیں پیش ہو جائیں گے۔

 وقفے کے بعد کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عمران خان بھی پیش ہوگئے۔

 وکیل شعیب شاہین نےکہا کہ ہم حاضر ہوگئے ہیں، ہمیں آرڈر کی کاپی نہیں ملی، میرے  پاس ریکارڈ پورا نہیں، پہلے دوسرے وکیل تھے اب میں وکیل ہوں، سماعت ستمبر تک ملتوی کردیں،ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کا کہنا تھا کہ 2 اگست کو فرد جرم عائد کریں گے، آئندہ سماعت پر بھی چیئرمین پی ٹی آئی ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

الیکشن کمیشن نےکیس کی سماعت 2 اگست تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ  الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو آج گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزیدخبریں