(ویب ڈیسک)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ڈنمارک میں عراقی سفارتخانے کے سامنے قرآن مجید کی بے حرمتی سے دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان میں اس واقعہ سے متعلق انتہائی تشویش اور دردمحسوس کیا جا رہا ہے ، تسلسل سے نفرت آمیز، گھناؤنے واقعات کے پیچھے منفی حکمت عملی پوشیدہ ہے، مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ اسلاموفوبیا کو فروغ دیا جارہا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مختلف حکومتوں اور عقائد کے رہنماؤں سے اس کے خاتمے کیلئے بات کروں گا، بہکے لوگوں کو اربوں مسلمانوں کےجذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
یاد رہے کہ ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا ایک اور افسوسناک واقعہ رونما ہوا جس میں دو افراد نے عراقی سفارت خانے کے سامنے ناپاک جسارت کی،اس واقعے کیخلاف گزشتہ روز یمن میں ہزاروں افراد سڑکوں پر آگئے۔