(ویب ڈیسک )پاکستان اور سری لنکا کےد رمیان کولمبو میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں بارش نے سری لنکا کیخلاف بڑھتے قدم روک دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے روز کا کھیل ختم کر دیا گیا، بارش سے قبل پاکستان نے پہلی اننگز میں 2 وکٹ پر 178رنزبنالیے تھے ، اس طرح پاکستان کو سری لنکا کےخلاف پہلی اننگزمیں 12 رنزکی برتری حاصل ہے۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 87 اور بابراعظم 28 رنزبناکرناٹ آؤٹ ہیں جبکہ شان مسعود 51 اور امام الحق 6رنزبناکرآؤٹ ہوئے،سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کی پہلی اننگز
گزشتہ روز سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا اور پوری لنکن ٹیم 166 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
سری لنکا کی جانب سے دھننجیا ڈی سلوا 57 اور دنیش چندیمل 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی اور دو کھلاڑیوں کو شان مسعود نے رن آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے، پاکستان نے گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔