(24نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سیاست کیلئے ریاست قربان کی جبکہ ہم نے سیاست قربان کرکے ریاست بچائی، مشکل وقت میں حکومت سنبھالی اور ایسے چیلنجز کا سیاسی کیریئر میں کبھی سامنا نہیں کیا۔ فیصلے کی بڑی قیمت ادا کی مگر قدم نہیں ڈگمگائے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ پچھلی حکومت نے توڑا، معاہدہ توڑنے سے ادائیگیوں کا بڑا مسئلہ پیدا ہوگیا تھا، اگروقت پرادائیگی نہ ہو تو ملک ڈیفالٹ ہوجاتا ہے، اللہ تعالیٰ کااس سے بڑاکرم کیا، ہم ڈیفالٹ سے بچ گئے۔ اگر ملک ڈیفالٹ کر جاتا تو روٹی اور دوائی کے لالے پڑجاتے مگر اللہ نے بچالیا، اب ملک ترقی کی راہ پر چل پڑا۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 16 ماہ کی مدت میں مشکل ترین چیلنجز ورثے میں ملے، اپریل2022 کو عہدے کاحلف اٹھایا تو اندازہ تھا حالات مشکل ہیں، اقتدار سنبھالا تو ملکی تاریخ کا تباہ کن سیلاب آیا، حکومت، دفاعی ادارے اور عوام یکجا ہے، نظام ٹھیک کرنے کیلئے کام کاآغاز ہوچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ق لیگ کی اہم شخصیت پیپلز پارٹی میں شامل
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کاگردشی قرضہ2300 ارب روپے ہے، ہمارابجلی کافرسودہ نظام ہے، بےپناہ نقصان ہوتا ہے، ہماری بجلی ترسیل میں لائن لاسزہوتےہیں، بجلی بلوں میں اضافہ آئی ایم ایف کی شرط تھی، قوم کی حالت بدلنی ہے تو کشکول توڑنا ہوگا۔