26 جماعتی اتحاد کا مودی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ

Jul 25, 2023 | 18:35:PM

(24 نیوز) 26 جماعتی اتحاد انڈین نیشنل ڈویلپمنٹل انکلوسیو الائنس نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کر لیا۔

اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو پہلا بڑا جھٹکا دینے کیلئے تیار ہو گیا، 26 جماعتی اتحاد انڈین نیشنل ڈویلپمنٹل انکلوسیو الائنس نے مودی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کر لیا، اپوزیشن گزشتہ 2 ہفتے سے مودی سے منی پور میں جاری خانہ جنگی پر لوک سبھا میں بحث کروانے کا مطالبہ کر رہی تھی جبکہ مودی سرکار حیلے بہانوں سے منی پور فسادات پر پارلیمنٹ میں بحث کروانے سے گریزاں رہی۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کی ’انجو ‘نے پاکستانی لڑکے سے نکاح کر لیا،ویڈیو وائرل

گزشتہ روز راجیہ سبھا کے 50 ارکان کی طرف سے منی پور خانہ جنگی کے خلاف قرارداد پیش کرنے پر مودی سرکار نے اجلاس ہی برخاست کر دیا تھا، اجلاس کی غیر آئینی برخاستگی پر اپوزیشن رہنماؤں کا پارلیمنٹ کے باہر گاندھی کے مجسمے کے ساتھ دھرنا گزشتہ روز سے جاری ہے، اپوزیشن کو دباؤ میں لانے کیلئے مودی سرکار نے عام آدمی پارٹی کے رہنما سنجے سنگھ کی پارلیمنٹ رکنیت بھی معطل کر دی۔

اپوزیشن رہنما ملیکارجن کھرگے کا کہنا ہے کہ مودی کا ذاتی آنا سے بالاتر ہو کر ملک کا سوچنا چاہیے۔ دوسری جانب تحریک عدم اعتماد کا سن کر مودی بوکھلاہٹ کا شکار  ہو گیا اور اپوزیشن اتحاد کو ایسٹ انڈیا کمپنی سے تشبیہ دے دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ نے منی پور میں خواتین پر جاری انسانیت سوز واقعات کو انتہائی تشویشناک قرار دیا تھا۔

مزیدخبریں