لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت مقدمات  کی تعداد پونے دو لاکھ سے تجاوز کرگئی

Jul 25, 2023 | 20:28:PM

(ملک اشرف) تاریخ پر تاریخ، بروقت انصاف کی فراہمی میں تاخیر ، وکلاء اور سائلین پریشان, لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت مقدمات  کی تعداد پونے دو لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں اس وقت موسم گرما کی تعطیلات جاری ہیں،  زیادہ تر ججز چھٹیوں پر چلے گئے ہیں جبکہ اس وقت پرنسپل سیٹ پر صرف پانچ ججز کیس سن رہے ہیں، ہائیکورٹ میں اس وقت زیر التواء مقدمات کی تعداد تقریباً پونے دولاکھ کے قریب ہے، عدالت عالیہ میں 19 ججز کی کمی ہے، جس کی وجہ سے  زیر التواء مقدمات کی تعداد مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات کیلئے فنڈز کا معاملہ، حکومت نے بڑا اعلان کر دیا

لاہور ہائیکورٹ میں گزشتہ  2 سال سےلاہور ہائیکورٹ میں کسی نئے جج کی تعیناتی  نہیں ہوئی، وکلاء نے بروقت انصاف کی فراہمی کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں نئے ججز کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔

نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ربیعہ باجوہ نے 24 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  کہ موجودہ جوڈیشل سسٹم کی وجہ سے سائلین کو بروقت انصاف نہیں مل رہا، جوڈیشل سسٹم کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، المیہ یہ ہے کہ موجودہ سسٹم میں زیرالتواء مقدمات دن بدن بڑھ رہے ہیں۔

دوسری جانب سینئر وکلاء کا کہنا ہے کہ  عدالت عالیہ میں ججز کی تعداد پوری کر کہ اور عدالتی اصلاحات میں بہتری لاکر بروقت انصاف کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

مزیدخبریں