چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت کو پاکستان لانے کی ذمہ داری آئی سی سی کو سونپ دی گئی

Jul 25, 2024 | 00:00:AM

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لئے بھارت کو پاکستان لانے کی ذمہ داری آئی سی سی کو سونپ دی ہے۔

بھارتی میڈیا مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے بھارت کو پاکستان لانے کی ذمہ داری آئی سی سی کے سپرد کر دی ہے، پی سی بی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہےکہ پی سی بی نے آئی سی سی سے کہا ہےکہ یہ اب اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ بی سی سی آئی کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر رضامند کرے۔

بھارتی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ سری لنکا کے شہر کولمبو میں ہونے والے حالیہ آئی سی سی  اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بجٹ کی منظوری دی گئی لیکن اس اجلاس میں  شیڈول اور فارمیٹ پر کوئی بات نہیں کی گئی، اب آئی سی سی پر منحصر ہے کہ وہ کتنی جلدی بحث کے بعد چیمپئنز  ٹرافی کے شیڈول کو حتمی شکل دے، ادھر پی سی بی کی جانب سے ڈرافٹ شیڈول میں بھارت کے تمام میچز حتیٰ کہ سیمی فائنل بھی لاہور میں کرانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک اور ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی  کو  محصولات کی ادائیگی، میچز وینیو کے انتخاب اور اپنی حکومت سے  میگا ایونٹ کے لیے پاکستان میں ہونے والی بھارتی ٹیم کی کلیئرنس سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔

دوسری جانب رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی کو بھارتی  ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے بی سی سی آئی کی تصدیق کی ضرورت ہے ، آئی سی سی نے  اس مسئلے کے حل کے لیے ٹورنامنٹ کے بجٹ میں اضافی اخراجات بھی  شامل کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کا ایک اور ریکارڈ ٹوٹ گیا

واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر ہونے کے تمام بھارتی دعوؤں کی سختی سے تردید کردی ہے۔

مزیدخبریں