فیڈرل ایکسائز ایکٹ کیخلاف اپیلوں کا فیصلہ جاری، چیف جسٹس کا جسٹس اطہر کے فیصلے سے جزوی اختلاف

Jul 25, 2024 | 18:08:PM

(امانت گشکوری)شاہ تاج شوگر ملز کی فیڈرل ایکسائز ایکٹ کیخلاف اپیلوں کا تحریری فیصلہ جاری کر دیاگیا،سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف شاہ تاج شوگر ملز کی اپیلیں منظور کر لیں ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس اطہر من اللہ کے تحریر کردہ فیصلے سے جزوی اختلاف کیا ہے اور اضافی نوٹ جاری کر دیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاہے کہ آرٹیکل201 کے تحت کسی ہائیکورٹ کا فیصلہ دوسری ہائیکورٹ پر لاگو نہیں ہوتا،اضافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ جسٹس اطہر من اللہ نے قرار دیا کہ ایک ہائیکورٹ کے فیصلے پر دیگر ہائیکورٹس عملدرآمد کی پابند ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ پاکستان ایک وفاق ہے جس کے ہر صوبے کی ہائیکورٹ مکمل آزاد ہے،ایسا کوئی آئینی تقاضا نہیں کہ ایک ہائیکورٹ کا فیصلہ دوسری ہائیکورٹ پر بائنڈنگ ہو،قانون اور روایت کا تقاضا ہے کہ سماعت مکمل ہونے پر عدالت جلد کیس کا فیصلہ دے،شاہ تاج شوگر ملز کیس کی سماعت 6 دسمبر 2023 کو مکمل کی گئی،شاہ تاج شوگر ملز کیس کا فیصلہ لکھنے کی ذمہ داری جسٹس اطہر کو سونپی گئی،مناسب وقت پر فیصلہ سنانا انصاف کی فراہمی کا ناگزیر جزو ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ یہ بات قابل افسوس ہوگی کہ سپریم کورٹ جلد فیصلہ سنانے کے اصول کا اطلاق خود پر نہ کرے،اکثر حوالہ دیا جاتا ہے کہ انصاف میں تاخیر نا انصافی ہے،حوالہ دیا جاتا ہے کہ تیز انصاف سب سے پیارا،انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار کے مترادف ہے،ججز کو احتیاط اور وقت پر مقدمات کا فیصلہ کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

یاد رہے کہ شاہ تاج شوگر ملز نے فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کی سیکشن 3 اے کیخلاف اپیلیں دائر کی تھیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی تھی، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس امین الدین خان بنچ کا حصہ تھے،جسٹس امین الدین خان نے بھی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اضافی نوٹ سے اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مخصوص نشستوں پی ٹی آئی کو دینے کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے رہنمائی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

مزیدخبریں