(طیب سیف) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے، شہر بھر میں کسی بھی قسم کے جلسے جلوس یا احتجاج کی اجازت نہیں ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 26 جولائی کو پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کے معاملے نے نیا رخ لے لیا، وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بشہر میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے، کسی بھی قسم کے جلسے جلوس یا احتجاج کی اجازت نہیں ہے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی، قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: قوم نئے انتخابات کی تیاری کرے، عمران خان نے اڈیالہ جیل سے پیغام بھجوا دیا
ضلعی انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اپیل کی ہے کہ شہری کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے سے اجتناب کریں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر جلسے کی دی گئی اجازت کو واپس لینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی 26 جولائی کو اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کیا تھا، پی ٹی آئی کے علاوہ جماعت اسلامی نے بھی بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف 26 جولائی کو ہی اسلام آباد کے ڈی چوک میں دھرنے کا اعلان کیا ہے۔