(24 نیوز)ایک مقولہ ہے کہ اوپر والا جب بھی دیتاہے دیتا چھپڑ پھاڑ کے ، ایسا ہی بھارت میں قرض میں جکڑے مزدور کیساتھ ہوا ہے جو راتوں رات امیر ہو گیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر پنا کی ایک کان سے کھدائی کے دوران راجو گوند نامی مزدور کو 19.22 قیراط کا قیمتی ہیرا ملا گیا،پنا شہر ہیروں کے ذخائر کے لیے مشہور ہے اور یہاں موجود کانیں حکومت لوگوں کو لیز پر دیتی ہے تاکہ کھدائی کر کے ہیرے نکالے جا سکیں۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کی صبح راجو معمول کے مطابق کان میں گیا اور قیمتی پتھروں کو ڈھونڈنے کے لیے کھدائی شروع کی تو اچانک اسے چمکتی ہوئی چیز نظر آئی، مٹی صاف کرنے اور پانی سے دھونے کے بعد اسے معلوم ہوا کہ یہ قیمتی ہیرا ہے،جس کے بعد راجو حکومت کے بنائے گئے ڈائمنڈ آفس گیا جہاں ہیرے کا وزن کیا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ 19.22 قیراط کا ہیرا ہے جس کو نیلامی میں 95 ہزار ڈالرز یعنی تقریباً ڈھائی کروڑ پاکستانی روپے سے زائد رقم میں فروخت کیا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت کی اگلی نیلامی میں اس قیمتی ہیرے کو فروخت کیا جائے گا اور ٹیکس کاٹ کر باقی رقم راجو کو دے دی جائے گی،راجو کا کہنا ہے کہ میں بہت خوش ہوں، میں اس رقم سے گھر بناؤں گا، اپنے بچوں کی تعلیم پر خرچ کروں گا لیکن سب سے پہلے میں 5 لاکھ کا قرض واپس کروں گا،راجو نے بتایا کہ وہ تقریباً 10 برس سے اس علاقے میں کانوں میں کھدائی کر رہا تھا اور اس کی کوشش تھی کہ اسے کوئی خزانہ مل جائے اور آخر کار خدا نے اس کی سن لی،رپورٹس کے مطابق 2018 میں ایک مزدور کو پنا میں کان میں سے ڈیڑھ کروڑ روپے کا ہیرا ملا تھا۔