آئی ایم ایف کو کہہ دیا ۔۔ غریب عوام پر ہم بوجھ نہیں ڈالیں گے۔۔وزیر خزانہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے ایک بار پھر آئی ایم ایف واضح کیا ہے کہ غریب عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے ، بجلی کے ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا جائیگا ، ، زرعی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو 3 لاکھ روپے تک کے بلا سود کے قرضے دیں گے اور 2 لاکھ ٹریکٹر وغیرہ لیز کرنے کے لیے دیں گے، شہری علاقوں کے غریب خاندانوں کو 5 لاکھ تک کا بلا سود قرضہ کاروبار کےلئے دیا جائےگا،حکومت اب زراعت پر پیسے خرچ کرےگی،ٹیکس ادا کرنے والے اور ٹیکس حاصل کرنے والوں کے درمیان خودکار نظام لارہے ہیں۔
جمعہ کو آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہاکہ پاور سیکٹر میں صلاحیتی ادائیگی کا مسئلہ ہے اس کی وجہ سے 900 ارب روپے ہم اس مد میں ادا کررہے ہیں جو ہم استعمال بھی نہیں کرتے تاہم ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ حکومت نے زراعت کو بڑھاوا دیا جس کی وجہ سے 4 فصلوں کی بہت زیادہ پیداوار ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے دوران پوری دنیا میں منفی نمو دیکھی گئی مگر اس سال کے بجٹ میں ہم نے کہا تھا کہ 2.1 فیصد نمو ہوگی تاہم یہ اس سے دوگنی 4 فیصد پر پہنچ چکی ہے۔انہوںنے کہاکہ اب ہماری حکمت عملی میں یہ ہے کہ ہمیں اب نمو پر ہی انحصار کرنا ہے، جب تک معاشی نمو نہیں ہوگی نہ نئے روزگار پیدا ہوں گے نہ کمائی بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ نمو میں ہم نے غریبوں کا خیال رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، 40 لاکھ گھرانوں کو سستے گھر بنا کر دیں گے۔
شوکت ترین نے کہاکہ عوام کو صحت کارڈ دیں گے تاکہ وہ صحت کے مسائل میں پریشانیوں سے بچ سکیں، اس کے علاوہ ہر خاندان کے ایک شخص کو تربیت دیں گے تاکہ وہ کما کر اپنا خاندان چلا سکیں۔محصولات کی وصولی سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہم 4 ہزار ارب روپے سے اوپر چلے گئے ہیں اور آئندہ سال کے لیے 5 ہزار 800 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا ہے، ہم ٹیکس نظام میں تبدیلیاں لارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹیکس ادا کرنے والے اور ٹیکس حاصل کرنے والوں کے درمیان خودکار نظام لارہے ہیں تاکہ ان کو آمنا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ جو لوگ ٹیکس ادا نہیں کرتے اور عادتاً ٹیکس نہ دینے والے ہیں، ان کےلئے قوانین میں سے سیکشن 203 کو نکال دیا ہے جس کے ذریعے انہیں پوری کارروائی کرنے کے بعد گرفتار کیا جاسکے گا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت ودہولڈنگ ٹیکس کو ختم کرنے جارہی ہے اور اس بجٹ میں 12 ود ہولڈنگ ٹیکس کو ختم کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ موصول ہونے والی تجاویز میں سے ہم نے آٹو پالیسی کو 800 سے 1000 سی سی تک کردیا ہے، میڈیکل بلز پر ٹیکس واپس لے لیا ہے، سرکاری ملازمین کے پرویڈنٹ فنڈ پر ٹیکس کو واپس لے لیا ہے، دودھ اور دیگر مصنوعات پر 10 سے 17 فیصد ٹیکس کے اضافے کو واپس لے لیا ہے۔
شوکت ترین نے کہا کہ ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹریٹ سرٹفکیٹ کو بڑھا کر 25 فیصد کردیا تھا اسے کم کرکے ان ہی کی تجویز پر 15 فیصد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ای کامرس پلیٹ فارمز پر ٹیکس عائد کیا گیا تاہم اسے رجسٹرڈ پر صفر اور ان رجسٹرڈ پر 2 فیصد کردیا ہے، انکم ٹیکس کی شرح 35 فیصد کردی تھی اسے 20 فیصد کردیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے آئل ریفائنریز کو کافی مراعات دی ہیں، انہوں نے کہا کہ نابینہ افراد کے استعمال کے خصوصی موبائل فونز پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ دودھ پر لاگو ٹیکس ختم کردیا گیا ہے، سونے اور چاندی پر عائد 17 فیصد ٹیکس کو کم کرکے بالترتیب ایک اور 3 فیصد کیا جارہا ہے ،اس کی ویلیو ایڈیشن پر 17 فیصد ٹیکس برقرار رہے گا۔انہوںنے کہاکہ پولٹری اور مویشیوں کی فیڈ کے اجزا پر 17 فیصد ٹیکس کو 10 فیصد پر لارہے ہیں، درآمد شدہ انڈوں پر ٹیکس کو ختم کردیا گیا ہے، ٹیکسٹائل اشیا کی ریٹیل پر 12 فیصد ٹیکس لگتا تھا اسے کم کرکے 10 فیصد کردیا گیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ آٹے اور اس کی اشیا سے متعلق ٹیکس کے نفاذ سے متعلق ابہام پیدا ہوا تھا، اسے دور کردیا تھا تاہم دوبارہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اس پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم جو ترقی کرنے جارہے ہیں اس میں پی ایس ڈی پی کا بڑا ہاتھ ہے، حکومت نے 40 فیصد اضافہ کیا ہے اور اس سے 630 سے 900 ارب پر لے کر جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس سال ہم صنعتوں کو 45 ارب روپے کی مراعات دے رہے ہیں، صنعتوں کا پہیہ چلتا ہے تو نوکریاں بڑھتی ہیں اور کمائی بھی بڑھتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آٹو سیکٹر کے لیے نئی پالیسی واضح کی جارہی ہے، میری گاڑی اسکیم متعارف کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مسئلہ تب ہوتا ہے جب ہماری درآمدات بڑھتی ہیں اور برآمدات اتنی نہیں بڑھتیں جس کی وجہ سے ڈالر کم ہوجاتے ہیں اس لیے ہم روایتی برآمدات میں ویلیو ایڈیشن کے لیے مراعات جاری رکھیں گے۔۔انہوںنے کہاکہ صرف چین نہیں خصوصی اقتصادی زونز میں دیگر ممالک سے بھی صنعتوں کو لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہم نے برآمدہ کاروں ڈی ایل ٹی ایل پروگرام کے تحت 10 ارب دئیے تھے، اس سال اسے دوگنا کرکے 20 ارب کردیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نیا پاکستان ہاو¿سنگ اسکیم کے تحت 30 ارب روپے رکھے گئے ہیں تاکہ چھوٹے گھروں کے لیے 3 لاکھ روپے فی گھر کی ایکوئٹی ادا کی جاسکے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار روپے دیے گئے اور آئندہ سال اس پروگرام کے تحت 260 ارب روپے رکھے گئے ہیں جو غریبوں کی صحت اور تعلیم وغیرہ کے لیے ادا کیے جائیں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ آٹے گھی چینی وغیرہ پر حکومت ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔شوکت ترین نے کہاکہ کئی دہائیوں سے دیکھا گیا ہے کہ ڈیموں کے لیے کوئی پیسے نہیں رکھے جاتے کیونکہ یہ 10 10 سال تک کے منصوبے ہوتے ہیں اور حکومتیں سمجھتی ہیں کہ ان کے دور میں یہ مکمل نہیں ہوگا تو اس پر پیسے کیوں خرچ کریں'۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا نظریہ گزشتہ حکومتوں سے مخلتف ہے اور اس نے ڈیم کی تعمیر کے لیے پیسے مختص کیے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان سب کی ترقی پر یقین رکھتے ہیں، اس بجٹ میں ایسے اقدامات اٹھائے ہیں کہ اس نظریے کو عملی شکل مل سکے اور ہمارا مستقبل بہتر ہو۔