(ویب ڈیسک ) عید قربان کی آمد آمد ہے ہر شخص تیاریوں میں مصروف ہے پردیسی گھروں کو لوٹ رہے ہیں، جانوروں کے شوقین افراد منڈیوں کا رخ کر رہے ہیں، سڑکوں پر ہلچل محسوس ہو رہی ہے ایسے لگ رہا ہے جیسے ساکن چیز میں جان سی آ گئی ہو، کاروبار میں تیزی ہے تو دوسری طرف گاڑیوں کی سپیڈ میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جو خطرناک ہے ، نوابشاہ سے افسوسناک خبر آئی ہےکہ 2 مسافر بردار بسوں میں تصادم کے باعث 6 افراد جاں بحق جبکہ 41 زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تیز رفتاری کے باعث دو مسافر بسیں آپس میں ٹکر گئیں جس کے باعث متعدد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ درجنوں ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں ، واقعے میں زخمی افراد کو تعلقہ ہسپتال دوڑ اور پیپلز میڈیکل ہسپتال نوابشاہ منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت آئینی مدت سے تجاوز نہیں کرے گی، خورشید شاہ
دوسری جانب کوئٹہ سے ملتان جانے والی مسافر بردار کوچ میں اچانک سے آگ بھڑک اٹھی،لیویز حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، مسافر کوچ میں آتشزدگی کے بعد مسافروں کو بر وقت اتار لیا گیا تھا،لیویز کے مطابق آگ لگنے سے کوچ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی ہے، تاہم مسافر بردار کوچ میں آتشزدگی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔