(ویب ڈیسک )ایلون مسک نے مارک زکربرگ سے کیج فائٹ حقیقت میں ہونے کا عندیہ دے دیا
تفصیلات کے مطابق ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ مارک زکربرگ کے ساتھ مکسڈ مارشل آرٹ (ایم ایم اے) کیج فائٹ کے لیے ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔
خیال رہے کہ 20 جون کو ایلون مسک نے ٹوئٹر پر ایک صارف کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے بظاہر مذاق میں مارک زکربرگ کو فائٹ کا چیلنج کیا تھا،جو جسٹو مارشل آرٹ کے ماہر مارک زکربرگ نے بھی اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے اس کے نیچے لکھا کہ 'مجھے لوکیشن بھیجیں'۔
24 جون کو ایک ٹوئٹر صارف سے بات کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ 'میں نے ابھی تک ٹریننگ شروع نہیں کی، تو جب بھی مقابلہ ہوا، میں ٹریننگ کروں گا'۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیج فائٹ 'شاید حقیقت میں ہوگی'۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مقابلہ ممکنہ طور پر اس وقت کافی سنگین ہوگا، اگر مارک زکربرگ نے میچ کو سنجیدہ لیا۔
واضح رہے کہ میٹا کی جانب سے ٹوئٹر جیسے نئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی تیاری پر کئی ماہ سے کام کیا جا رہا ہے،اس ایپ کو ابھی پراجیکٹ 92 کا کوڈ نام دیا گیا ہے،اسی حوالے سے صارف کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے مارک زکربرگ کو کیج فائٹ کا چیلنج دیا تھا۔
اسپیس ایکس کے مالک نے یہ بھی بتایا کہ اپریل میں پہلی ٹیسٹ پرواز میں ناکامی کے بعد کمپنی نے اسٹار شپ میں ایک ہزار سے زیادہ تبدیلیاں کی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 'میرے خیال میں اگلی پرواز کی کامیابی یا مدار پر پہنچنے کا امکان گزشتہ ٹیسٹ کے مقابلے میں کافی زیادہ یا لگ بھگ 60 فیصد ہوگا'،انہوں نے بتایا کہ اسپیس ایکس کا سب سے طاقتور اور جدید راکٹ کارگو اور لوگوں کو خلا کی گہرائیوں جیسے چاند اور مریخ پر لے جانے کے لیے ڈیزائن ہوا ہے۔