(عثمان خان) مکہ مکرمہ میں پاکستان حج مشن کا سیکرٹری مذہبی امور کی زیر صدارت منیٰ روانگی بارے اجلاس، انتظامی امور زیر بحث لائے گئے۔
مکہ مکرمہ میں پاکستان حج مشن کے ہونے والے اجلاس میں ڈی جی حج، ڈائریکٹر حج مکہ و مدینہ سمیت ڈائریکٹر معاونین نے شرکت کی۔ اجلاس میں عازمین کیلئے سہولیات و تعاون بارے بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کے مشیرکو حادثہ!!افسوسناک خبر آگئی
سیکرٹری حج، ڈائریکٹر حج سمیت دیگر معاونین کو بریف کیا گیا کہ پاکستانی عازمینِ حج کو بسوں کے ذریعے منیٰ کی خیمہ بستی پہنچانے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، سعودی مکاتب نے پاکستانی عازمینِ حج کو خیموں کے کارڈ، ٹرین ٹکٹ کی تقسیم مکمل کر لی، سرکاری حج سکیم کے عازمین کیلئے منیٰ کی خیمہ بستی میں 19 مکاتب حاصل کئے گئے ہیں، 51 ہزار 267 عازمینِ حج کو مشاعر ٹرین کی سہولت مہیا کی جائے گی، 30 ہزار 185 عازمینِ حج کو بسوں کے ذریعے منیٰ، عرفات اور وادی مزدلفہ لایا جائے گا۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ سعودی مکاتب آج 7 اور 8 ذی الحج کی درمیانی شب عازمینِ حج کی منیٰ روا نگی کا آغاز کریں گے، عازمینِ حج کل 8 ذی الحج کا دن اور رات منیٰ کی خیمہ بستی میں قیام کریں گے، موسم کی شدت سے بچانے کیلئے بیشتر عازمین کی روانگی رات کو عمل میں لائی جائے گی، 9 ذی الحج کو تمام عازمینِ کرام بسوں اور مشاعر ٹرین کے ذریعے میدان عرفات پہنچیں گے، میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم ادا کرنے کے بعد حجاج کرام مزدلفہ پہنچیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: زلزلے کے شدید جھٹکے
وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی کا کہنا تھا کہ عازمینِ کرام ایام حج میں اپنے ہمراہ مختصر سامان رکھیں، گرمی سے بچنے کیلئے چھتری، مشروبات کا استعمال کریں، رہنمائی کیلئے موبائل ایپ حج نیوگیٹر (Hajj Navigator) اور سبز سکارف پہنے معاونین حج سے مدد حاصل کریں، عازمینِ حج مناسک حج کی ادائیگی کیلئے مکاتب کے مقرر کردہ اوقات کار کی سختی سے پیروی کریں، ساتھی عازمینِ حج ، ضعیف افراد اور خواتین کا خیال رکھیں، مشاعر کے تقدس کو بھی پیش نظر رکھیں۔