کراچی میں عید کے بعد تمام شادی ہالز بند کرنے کا اعلامیہ جاری

Jun 25, 2023 | 23:43:PM
 کراچی میں عید کے بعد تمام شادی ہالز بند کرنے کا اعلامیہ جاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) کراچی انتظامیہ کی جانب سے شادی ہالز مسمار کرنے  کی بنا پر  شادی ہالز ایسوسی ایشن نے شہر میں عید کے بعد احتجاج کی کال دے دی ،شادی ہالز مالکان کیطرف سے  عید کے بعد کراچی میں تمام شادی ہالز بند کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

ِِِصدر شادی ہال ایسوسی ایشن کراچی رانا رئیس کا کہنا ہے کہ شادی ہالز مسمار کرنے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو عید کے بعد شادی ہال بند کردیں گے، پہلے مرحلے میں کراچی میں شادیوں کی تقریبات کا بائیکاٹ کریں گے، دوسرے مرحلے میں پورے سندھ میں شادی ہالز کو بند کردیا جائے گا، اعلیٰ حکام نے اگر نظر ثانی نہیں کی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان میں رانا اور ڈوگر برادری کے درمیان جھگڑا، رہنما پیپلز پارٹی رانا سجاد کا بھائی قتل

انہوں نے مزید  کہا کہ ایس بی سی اے اور انتظامیہ  شہر میں قانونی شادی ہالز کو بھی مسمار کررہے ہیں، تمام قانونی کاغذات کی موجودگی کے باوجود مسلسل شادی ہالز کو مسمار کیا جارہا ہے، رات کی تاریکی میں شادی ہال مسمار کرنے اچانک ٹیم پہنچ جاتی ہے، اطلاع اور قانونی اجازت کے بغیر شادی ہال مسمار کردیا جاتا ہے، ہزاروں خاندانوں کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، شاہ فیصل میں 22 شادی ہالز کو مسمار کیا گیا جبکہ پورے کراچی میں ہمارے 70 سے زائد شادی ہالز گرائے جا چکے ہیں،   جس سے شادی ہالز مالکان میں غم و غصہ کی لہر دوڑ اٹھی ہے، رات کی تاریکی میں آپریشن کے باعث لیبر کی جان کو نقصان کا خدشہ ہے، اگر کسی بھی ورکر کی جان کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔

رانا رئیس نے  مطالبہ کیا ہے کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری شادی ہالز مالکان کے معاشی قتل کا نوٹس لیں، اگر یہ سلسلہ یونہی جاری و  ساری رہا   تو عید کے فوری بعد تمام شادی کی تقریبات کو ترک کر دیں گے۔