ٹی 20 ورلڈکپ سیمی فائنلز میں بارش ہوئی تو کون سی ٹیمیں فائنل کھیلیں گی؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ٹی 20ورلڈکپ کے دونوں سیمی فائنلز میں بارش کی پیش گوئی نے جہاں کرکٹ کے مداحوں پریشان کردیا ہے وہیں انتظامیہ بھی میچز کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور تیاری کرر کھی ہے، تاہم بارش کے باعث میچز نہ ہونے پر کون کونسی ٹیمیں فائنل کھیلیں گی، اس حوالے سے بھی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل جنوبی افریقا اور افغانستان، دوسرا سیمی فائنل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل 27 جون کو جنوبی افریقا اور افغانستان کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 5 بجے ٹاروبا کے برائن لارا سٹیدیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 27 جون کو ہی دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان شام کو ساڑھے 7 بجے گیانا کے پروویڈنس سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فائنلز کیلئے صورتحال بالکل مختلف ہے، افغانستان اور جنوبی افریقا کے میچ کیلئے اضافی دن رکھا گیا ہے لیکن بھارت اور انگلیند کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کیلئے کوئی اضافی دن نہیں ہے کیوں کہ ایک دن کے فرق سے ورلڈکپ کا فائنل شیڈول ہے اور اضافی دن رکھنے سے یہ دورانیہ بہت کم ہوجائے گا۔
بارش ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 250 منٹ اضافی دیئے جائیں گے، پہلے سیمی فائنل کیلئے دن کے اختتام پر اضافی 60 منٹ بھی رکھے گئے ہیں جبکہ پہلے سیمی فائنل کیلئے اضافی دن پر بھی 190 منٹ ایکسٹرا دیئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ سیمی فائنل اور فائنل میچ کو مکمل کرنے کیلئے دونوں ٹیموں کو کم سے کم 10 اوورز کھیلنا لازمی ہیں، سپر ایٹ اور گروپ مرحلے میں 5 اوورز فی اننگز کھیلنا لازمی تھا چونکہ دونوں سیمی فائنل میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے لہذا یہ اصول انتہائی اہمیت اختیار کرسکتا ہے۔
اگر بارش کی وجہ سے دونوں سیمی فائنل نہیں ہوسکے تو سپر ایٹ مرحلے میں اپنے اپنے گروپس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں (بھارت اور جنوبی افریقا) فائنل میں رسائی حاصل کرلیں گی اور اگر کسی وجہ سے فائنل بھی نہیں ہوسکا تو دونوں ٹیمیں مشترکہ طور پر ٹی20 ورلڈ کپ چیمپئن قرار دی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ میں ڈی ایل ایس میتھڈ کے موجد انتقال کرگئے