نوجوان کاروباری افراد ملک کے مستقبل کے معمار ،تمام تر سہولیات فراہم کرینگے، وزیراعظم

Jun 25, 2024 | 21:32:PM

(اویس کیانی)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ نوجوان کاروباری افراد ہماری معیشت اور ہمارے ملک کے مستقبل کے معمار ہیں،حکومت کاروباری برادری کو معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے نوجوان انٹرپرنیورز کے وفد نے ملاقات کی،وفد میں ٹیکسٹائل ، تعمیرات، آئل اینڈ گیس،  تعلیم، صحت، لاجسٹکس، زراعت، برآمدات اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان کاروباری افراد شامل تھے،اجلاس میں وزیر تجارت جام کمال، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر توانائی سردار اویس لغاری،وزیر نجکاری عبد العلیم خان، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود، وفاقی وزارتوں کے سیکرٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے وفد سے گفتگوکرتے ہوئےکہاکہ پاکستانی برآمدات کو عالمی سطح پر فروغ دینا ملکی معیشت کیلئے ناگزیر ہے، پاکستانی برآمدات کے فروغ کیلئے نوجوان کاروباری افراد انتہائی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،حکومت اور کاروباری برادری کے تعاون سے ملک کا مالی اور تجارتی خسارہ کم کیا جا سکتا ہے، وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کو باصلاحیت افرادی قوت میں تبدیل کر کے ملکی معیشت کو محرک کیا جا سکتا ہے، حکومت معاشی مواقعوں کی فراہمی میں صنفی امتیاز ختم کرنے کیلئے کوشاں ہے ،ان کاکہناتھا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ پاکستانی برآمدات میں اضافے کیلئے اہم ثابت ہو گا، ہم حکومت کے حجم میں کمی اور حکومتی اداروں کو مزید فعال بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔ 

وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ کاروباری سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا اور کاروبار دوست پالیسیاں تشکیل دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم نے اقتصادی مشاورتی کمیٹی کی طرز پر نوجوان کاروباری افراد پرمشتمل یوتھ آنٹرپرنیور ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ چین اور پاکستان کے مابین کاروباری اشتراک کا فروع ہماری اولین ترجیح ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے دوسرے مرحلے میں صنعتی ترقی کی رفتار تیز ہو جائیگی۔

ملاقات میں وفد نے مختلف شعبوں میں پاکستانی کاروباری برادری کی عالمی اور ملکی سطح پر کامیابیوں اور ان کو درپیش مختلف مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا ،وفد نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تاریخ ساز کامیابی پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا،وزیراعظم نے پاکستان کاروباری برادری بالخصوص نوجوان کاروباری افراد کو ان کی کاوشوں پر سراہا۔

مزیدخبریں