جنگ ہو یا امن۔۔ ہر گھڑی تیار ہیں ہم۔۔شکرپڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی مشترکہ فوجی پریڈ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)یوم پاکستان کے حوالے سے شکر پڑیاں گراؤنڈ اسلام آباد میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، پاک آرمی ، بحریہ ، فضائیہ سمیت دیگر سکیورٹی دستوں نے مارچ پاسٹ کیا ۔ حربی طاقت اور صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف آرمی سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، وائس چیف آف ایئر سٹاف ایئر مارشل سید نعمان علی شریک ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان نے قرنطینہ کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہیں کی۔پہلی بار قومی پرچم کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ پریڈ سے پہلے قومی ترانہ پڑھا گیا اور دھن بجائی گئی۔ مسلح افواج، رینجرز، پولیس اور خواتین کے دستے سبز ہلالی پرچم تھامے پریڈ میں شریک ہوئے۔بری، فضائیہ اور نیوی کے دستوں نے سلامی دی، بلوچ ریجمنٹ، لائٹ کمانڈوز بٹالین، پریذیڈنٹ باڈی گارڈ، ائیر پورٹ سیکورٹی فورس، جی ایچ کیو ملٹری بینڈ اور خواتین کا دستہ بھی پریڈ کا حصہ رہا۔اس موقع پر اسلام آباد کی فضاؤں میں طیاروں کی گھن گرج سنائی دی، ایئر چیف نے معزز مہمانوں کو فضا سے سلامی دی۔ جے ایف تھنڈر سمیت مختلف طیاروں نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔
یوم پاکستان کے پرمسرت موقع پر پریڈ میں ترکی کا ایف سولہ طیارہ خصوصی طور پر شامل ہوا، ترک پائلٹ نے شاندار کرتب دکھائے،طیارے سے پاک ترک دوستی اور دل دل پاکستان کانعرہ بھی لگایا۔ ترک ہوا باز نے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرتے ہوئے طیارے میں سے ہاتھ ہلا کر سلام بھی کیا۔پریڈ میں پیرا ٹروپرز نے بھی شاندار مہارت کا مظاہرہ کیا۔ سکائی ڈیورز نے دس ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگائی۔ آرمی کے شہباز، نیوی کے سیگلز اور ائیر فورس کے شہپر اس فضائی مظاہرے کا حصہ تھے۔تمام فوجی جوان پیرا شوٹ پہن کر طیارے سے کودے اور کمال مہارت کے ساتھ انہوں نے زمین پر لینڈ کیا۔ پاکستان آرمی کیساتھ فلسطین، ترکی، سری لنکا اور بحرین کے پیرا ٹروپرز نے بھی فن کا مظاہرہ کیا۔ جوانوں نے زمین پر لینڈ نگ کے بعد قومی پرچم صدر مملکت کو پیش کیا اور بلند نعرے لگائے۔ صدر پاکستان نے بھی ڈائس سے اتر کر جوانوں سے ملاقات کی۔تقریب میں سول و فوجی قیادت اور غیر ملکی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ پریڈ میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وفود بھی شریک ہوئے۔ جڑواں شہروں میں مقامی تعطیل تھی جبکہ موبائل فون سروس بھی بند رہی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث 23 مارچ کو پریڈ نہیں ہوسکی تھی۔